Text

متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے جمہوریہ بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اجیت ڈوول نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے نیک تمنائیں اور امارات کی مسلسل ترقی و خوشحالی کے لیے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر امارات کے صدر نے بھی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے بھارت اور اس کی عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کی دعا کی۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور اس کے علاقائی و عالمی سلامتی و استحکام پر اثرات کے علاوہ عالمی توانائی کے تحفظ سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان اور سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکریٹری جنرل علی بن حمد الشامسی بھی موجود تھے۔

